← Back to writings
Poetry

کعبہ کے مضافات نے مجنوں نہ کیا پاک

علی اکبر ناطق

Read in Urdu

کعبہ کے مضافات نے مجنوں نہ کیا پاک
یہ نجد کا باشندہ اُڑاتا ہی پِھرا خاک

شاخوں سے گرے پھول پَہ آواز نہ آئی
ٹپکا نہ ذرا خون ہُوا لالہ اگر چاک

کچھ لے کے نہیں جاؤں گا دنیا مَیں ترا مال
اِس جیبِ کفن میں ہے وہی شیشہ وہی تاک

رُخصت ہوا سبزہ بھی مرا خط کی ہوس میں
گزرے ہیں مہ و سال پہ آئی نہ تری ڈاک

گاؤں کی حویلی میں چھِنے سونا صفت لوگ
تنہا مَیں ترے شہر میں پھرتا ہوں گرہ چاک

دل ایک ستارہ تھا گرا عرشِ مژہ سے
اب چھانیں گے احباب اِسے خاک میں کیا خاک

سبز بستیوں کے غزال