← Back to writings
Poetry

کعبہ کے مضافات نے مجنوں نہ کیا پاک

علی اکبر ناطق

Read in Urdu

کعبہ کے مضافات نے مجنوں نہ کیا پاک
یہ نجد کا باشندہ اُڑاتا ہی پھرا خاک

شاخوں سے گرے پھول پہَ آواز نہ آئی
ٹپکا نہ ذرا خون، ہوا لالہ اگر چاک

کچھ لے کے نہیں جاؤں گا دنیا مَیں ترا مال
اِس جیبِ کفن میں ہے وہی شیشہ وہی تاک

رُخصت ہوا سبزہ بھی مرا خط کی ہوس میں
گزرے ہیں مہ و سال پَہ آئی نہ تری ڈاک

گاؤں کی حویلی میں چِھنے سونا صفت لوگ
تنہا مَیں ترے شہر میں پھرتا ہوں گرہ چاک

دِل ایک ستارہ تھا، گرا عرشِ پلک سے
اب خاک پہ بیٹھے ہیں مرے دوست کے افلاک

تصویروں کا باغ