← تحریروں کی فہرست
شاعری

تیری گٹھڑی پھول

علی اکبر ناطق

اردو میں پڑھیے

کالی ربڑیں گھوم رہی ہیں کالے تیل کی سڑکوں پر
گول گراریوں والے چرخے بھاگتے ہیں بازاروں میں
راہیںپیٹ رہی ہیں سینہ پھندے پڑے ہیں چوکوں میں
آوازوں کی گرد نے نگلے ٹھنڈے سُروں کے نیلے گیت
ایک نظر سے سوویں نظر تک میلے پیتل کھڑے مِنار
راکھ بھرے ہیں شہر کے گنبد سانس چڑھی چوباروں کی
پتلی بانسری والے شاعر سہج سنبھال کے چلتے جا
تیری گٹھڑی پھول بندھے ہیں تیری بغل میں کانچ دبا
تیری آنکھ ستاروں والی تیری جھولی میں ہیں چاند
پُونیوں والے دھاگے پڑھ کر پھونک گلابی حیرت پر
ماتھا چوم کے رنگ و صدا کا نقش بنا تصویروں کے
پاک وحی کی انجیلوں کو چاٹ نہ جائیں اہلِ کلس
اپنی آیتیں آپ بچا کر اپنی سُولی آپ اُٹھا
دُور بہت ہیں بَن مانس سے سچے صحیفے سینوں کے
اپنے پھول اُٹھالے شاعر، اپنا کانچ سنبھالے چل

مارچ کے پھول