← تحریروں کی فہرست
شاعری

مرے چاند

علی اکبر ناطق

اردو میں پڑھیے

سُنو! زندہ گائوں کی بالیو
مرے چاند پانی میں جاگرے
چلی تہہ میں لَو کی نفیرنی
لگی کرنیں روح کی ڈولنے
اِنھیں ڈوبنے سے بچائے کون
اِنھیں ڈولنے سے ہٹاے کون
دُھلی دھوپ دیس کی دیویو
کلی چھوئی موئی، کنواریو
مرا ہاتھ ہلکے سنبھالیو
مَیں اُترنے والا ہوں تال میں
کھرے آسماں کے شوال میں
نِرے نیل بن کے زوال میں
مرے چاند پانی میں جا گرے
مَیں اُٹھا لوں اُن کو شتاب سے
ٹھَرے پانیوں کی کتاب سے
ہرے گائوں والی ندانیو
کھلے جوبنے کی سیانیو
یہیں پاس رکھ دو یہ گاگریں
بھری چاندنی کی یہ چھاگلیں
ذرا ہاتھ پہلو میں ڈالیو
مجھے ہولے ہولے سنبھالیو
اَری گھگرے اپنے بچائے کے
کڑے جھانجروں کے بجائے کے
ہری خوشبوئوں سے گزاریوں
گھنی روشنی میں اُتاریو
کرو حوصلے سے جدا مجھے
مَیں اُٹھا لوں اُن کو خدا کرے
مرے چاند پانی میں جا گرے

سُرمنڈل کا راجہ